بنگلورو،20؍مئی(ایس او نیوز) بنگلورو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کرناٹک میں کورونا کے ضمن میں جاری لاک ڈاؤن 24مئی کے بعد بھی جاری رہنے کی توقع ہے ۔ کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس سے متعلق رپورٹس پر غور کرتے ہوئے دو تین دنوں میں لاک ڈاؤن کو کسی ایک نئی تاریخ تک جاری رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ یڈیورپا نے کہا ہے کہ ریاستی دار الحکومت بنگلورومیں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی ہوتی جارہی ہے لیکن اس کے برخلاف دیہی علاقوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیاجارہا ہے۔ اس ضمن میں کئی ایک ریاستی وزراء نے 24مئی کے بعد بھی لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔
ضلع گلبرگہ کے انچارج وزیر مسٹر مرگیش نرنی نے بھی 24مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں 10دنوں تک کی توسیع کا مشورہ دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ دیہی علااقوں میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔
ضلع یادگیر کے انچارج وزیر آر شنکر نے بھی ضلع میں کورونا پر کنٹرول کرنے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔